اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام گلگت بلتستان یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگ سب سے زیادہ محروم ہیں انہیں حقوق نہیں دیئے جا رہے۔ گلگت بلتستان کے نوجوانوں نے اسٹیٹس کو کیخلاف کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں بیٹھے سیاستدانوں کی اکثریت کو گلگت بلتستان کا پتہ ہی نہیں جو علاقہ مرکز سے دور ہوتا ہے اسے بھلا دیا جاتا ہے۔ تحریک انصاف نہ ہوتی تو دونوں جماعتوں نے باری باری ملک کو لوٹنا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں گورنر کی تعیناتی سے ن لیگ کی نیت کا پتہ چلتا ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ مل کر دھاندلی کو روکیں گے۔
تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ جمہوریت بلدیاتی نظام کے بغیر نہیں چل سکتی۔ دونوں جماعتوں نے گزشتہ ادوار میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے۔ بلدیاتی انتخابات کے بعد خیبر پختون خوا میں تبدیلی آئے گی نیا نظام لے کر نہ آئے تو ملک کے مختلف حصوں سے آزادی کی آوازیں آئیں گی۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں جو ماحول بنایا جا رہا ہے وہ افسوسناک ہے اور یہ جمہوری اقدار کی نفی ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما نے انکشاف کیا کہ سینیٹ انتخابات میں ایک جماعت نے فاٹا کے چھ لوگوں کے گروپ کیساتھ گٹھ جوڑ کیا انہیں ان لوگوں کو پیسے اور ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کی پیشکش بھی کی گئی جبکہ دوسری جماعت نے راتوں رات صدارتی فرمان جاری کرایا۔