لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کا اتوار کو مال روڈ پر جلسہ ختم ہوا تو بعض خواتین کو روایتی بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا۔ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے بتایا کہ واقعے کے خلاف تھانہ سول لائنز میں مقدمہ درج درج کر لیا گیا ہے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ ویڈیو کی مدد سے جلد گرفتاریوں کا عمل شروع ہو جائے گا۔
اسلام آباد میں لیگی رہنما انوشہ رحمان، مائزہ حمید اور مریم اورنگزیب عمران خان پر برس پڑیں۔ وزیر مملکت انوشہ رہنما نے کہا تمام جماعتوں میں خواتین بھرپور سیاسی کردار ادا کر رہی ہے لیکن عمران نے ناچ گانے کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ کل تحریک انصاف کے جلسے میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی ہوئی عمران خان خواتین کو تحفظ نہیں دے سکتے تو انہیں جلسوں میں مت بلوائیں۔ ہماری بچیوں کی بے حرمتی نے دلوں کو چھلنی کر دیا ہے۔ پاکستان کی ماں ، بہن ، بیٹی کو جلسے کی نمود ونمائش کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا عمران خان صاحب کو شرم نہ آئی خود وی آئی پی گیٹ سے چلے گئے۔
عمران خان نیند سے جاگیں کسی دشمن کیساتھ ایسا سلوک نہیں ہوتا جو آپ کے جلسوں میں خواتین کے ساتھ ہوتا ہے۔ لاہور کے شہریوں کو رنگ باز کہا گیا لیکن لاہوریوں نے آپ کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ آپ کا لاہور کا میلہ لاہوریوں کو جلسے میں نہیں لا سکا۔ رکن قومی اسمبلی مریم اورنگزیب نے کہا وزیراعظم کی قیادت میں ملک کو ترقی کی جانب لیکر جا رہے ہیں وزیراعظم کا مانسہرہ میں جلسہ نہیں منصوبوں کا سنگ بنیاد تھا۔ قبضہ گروپ اور بیواؤں کے پیسے کھانے والے الیکشن نہیں جیت سکتے۔