اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کی عدالت نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے 100 کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے تحریک انصاف ،عوامی تحریک کے سو کارکنوں کو14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما عندلیب عباس اور عارف علوی کارکنان سمیت ایف ایٹ پہنچ گئے۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے قیدیوں کی گاڑیوں کو احاطہ عدالت سے باہرجانے سے روک لیا ہےاور عدالتی حکم ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن احاطۂ عدالت میں شدید احتجاج کر رہے ہیں، نعرے بازی کی جارہی ہے۔
اسی دوران پی ٹی آئی کے گرفتار ڈی جے بٹ کا کہنا ہے کہ مجھے میرے گھرسے اٹھایا گیا،ہتھکڑیاں لگا کر لے جایا گیا، تین روزسے ہمیں مختلف جگہوں پر رکھا گیا ہے۔ ڈی جے بٹ کا مزید کہنا ہے۔
کہ کوئی غیر قانونی کام نہیں کر رہا، بچوں کے لیے روزی کمارہا ہوں۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے کارکنوں نے پولیس وین کے ٹائروں کی ہوا نکال دی ہے تاکہ وین گرفتار کارکنوں کو جیل نہ لے جاسکے۔