اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکن جنگلہ توڑ کر پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں داخل ،شامیانے تان کر سبزہ زار میں ڈیرے لگالئے۔
اسلام آباد کا ریڈ زون عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں سےمیدان جنگ بنا ہے۔ پولیس اور مظاہرین میں کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود وقفے وقفے سے جھڑپیں جاری ہیں۔
جھڑپوں کا مرکز پاک سیکریٹریٹ کا علاقہ بنا ہوا ہے اور پولیس کی بھاری نفری مظاہرین کو وزیرِ اعظم ہاؤس کی جانب جانے سے روکنے کے لیے تعینات ہے۔ پولیس نے مظاہرین کو وزیر اعظم ہاؤس کی جانب بڑھنے سے روکنے کے لیے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں استعمال کیں۔
تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے مظاہرین پولیس کی شیلنگ کے باوجود وزیر اعظم کی طرف پیش قدمی کرتے رہے۔ لاٹھیوں اور پتھروں سے لیس مظاہرین پولیس کے حصار کو عبور کرکے کابینہ ڈویژن کے جنگلے توڑ دیئے اور پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں پہنچ گئے۔
مظاہرین نے پارلیمان کے احاطے میں داخل ہونے کے بعد اس کے سبزہ زار میں خیمے لگا لیے ۔ مظاہرین نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پریس کانفرنس کے ڈائس پر بھی قبضہ کر لیا ہے ۔ مظاہرین کابینہ ڈویژن کے احاطے میں داخل ہونے پر خوشی کا اظہار بھی کیا ۔