تحریک انصاف کا دھرنا جاری، شرکاء فائنل رائونڈ کی تیاریوں میں مصروف

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کا پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی دھرنا جاری ہے، صبح ہوتے ہی دھرنے کے شرکا فائنل راؤنڈ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، عمران خان آج کسی وقت آئندہ کا لائحہ عمل پیش کریں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پریڈ گراؤنڈ پر تحریک انصاف کے کارکن دھرنے میں ڈٹے ہوئے ہیں۔ رات بھر ہلہ گلہ کے بعد جسے جہاں جگہ ملی وہیں ڈھیر ہوگیا۔ کچھ کارکنوں نے کرسی پر ہی کمر سیدھی کی، چند ایک نے زمین پر ہی کیا گزارہ اور نیند پوری کی۔ شرکاء کیلئے اسلام آباد، راولپنڈی کی رفاعی تنظیموں اور مقامی قائدین اور کارکنان نے ناشتے کا انتظام کیا۔

صبح ہوتے ہی تازہ دم ہونے کے لئے کارکنوں نے لمبی قطار میں کھڑے ہو کر ناشتہ لیا۔ دھرنے کے شرکا کے لئے میڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔ سخت موسم کے باعث دھرنے کے شرکاء کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ آرمی چیف سے مذاکرات کے بعد عمران خان آج کسی وقت آئندہ کا لائحہ عمل پیش کریں گے۔