لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے کارکنوں میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے ہاتھا پائی ہوتے ہوتے رہ گئی۔
دونوں پارٹیوں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی سے ماحول کشیدہ ہو گیا۔الیکشن کمیشن پنجاب کے دفتر میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی آمد سے قبل ہی پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد وہاں پہنچ گئی۔
جیسے ہی عمران خان آئے، پی ٹی آئی کارکن نعرے لگانے لگے۔ عمران خان کی الیکشن کمیشن میں پیشی کے دوران پی ٹی آئی کارکن مسلسل حکومت کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔
اسی دوران مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی الیکشن کمیشن آفس پہنچ گئی۔ انہوں نے عمران خان اور تحریک انصاف کے خلاف نعرے لگائے جس پر پی ٹی آئی کے کارکن جوتیاں لہرانے لگے۔
دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے کی جانب بڑھنے کی کوشش کی، تاہم وہاں موجود پولیس کی بھاری نفری نے انہیں روک دیا۔