تحریک انصاف کو سیاسی شہید نہیں ہونے دینگے، اسفند یار ولی

Asfand Yaar Wali

Asfand Yaar Wali

پشاور (جیوڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے اسفند یار ولی نے کہا کہ ہم پر نواز شریف حکومت کو بچانے کا الزام لگایا جا رہا ہے ہم نواز شریف کو نہیں بلکہ جمہوریت کو بچا رہے ہیں۔

وزیراعظم سے کن پٹی پر پستول رکھ کر استعفیٰ لینا غیر آئینی فعل ہے۔ پارلیمنٹ، عدلیہ اور انتظامیہ کو القابات سے نوازا جا رہا ہے۔ اداروں کی تضحیک کرنے والے ہمیں جمہوریت کا درس نہ دیں۔ پی ٹی آئی کو شہید نہیں ہونے دینگے۔ اسفند یار ولی نے کہا کہ دو ہزار تیرہ کے عام انتخابات میں دیگر جماعتیں انتخابی مہم چلا رہی تھیں جبکہ ہم اپنے رہنماؤں اور کارکنوں کے جنازے اٹھا رہے تھے۔

آج بھی خیبرپختونخوا میں برابر کے مواقع میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اب زیادتیوں پر خاموش نہیں بیٹھے گی۔ اس موقع پر انہوں نے شکوہ کیا کہ میڈیا نے آئی ڈی پیز کو نظر انداز کر کے احتجاجی دھرنوں کی کوریج کی۔ نئے اور پرانے خیبرپختونخوا میں فرق واضح ہے۔

سوات کے آئی ڈی پیز عزت سے واپس گھر چلے گئے جبکہ وزیرستان کے آئی ڈی پیز ذلیل ہو رہے ہیں۔ اے این پی کے سربراہ نے مڈٹرم انتخابات کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اے این پی مڈٹرم انتخابات کے حق میں نہیں۔