تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد ملک میں رائج فرسودہ اور کرپٹ نظام سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے ہے

PTI

PTI

مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد ملک میں رائج فرسودہ اور کرپٹ نظام سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے ہے، تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے بلا رنگ و نسل و مسلک پوری پاکستانی قوم کو پاکستانیت کے نام پر متحد کر دیا ہے، آج قوم کا ہر ایک فرد تبدیلی کا خواہاں ہے اور اس جدوجہد میں تحریک انصاف کے شانہ بشانہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے سنیئر رہنما حاجی سیف اللہ قصوری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف روایتی سیاست کے بجائے انقلابی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور وہ انقلاب صاف و شفاف انتخابات کے ذریعے ہی ممکن ہے تبدیلی کی اس جدوجہد میں تحریک انصاف کے کارکنان پارٹی چیئرمین عمران خان کے دست بازو بن کر پارٹی کے منشور اور نظریے کو نچلی سطح پر عوام تک پہنچانے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں اور عوامی رابطہ مہم میں تیزی لائیں تاکہ آئندہ عام انتخابات میں مفاد پرست اور عوام دشمن ٹولے کو عوامی طاقت کے ذریعے شکست فاش سے دوچار کیا جا سکے۔

تحریک انصاف عوامی خدمت کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر عوام کی آواز بن کر ایوانوں اور اعلی حکام کے کانوں میں گونج رہی ہے تاکہ عوام کی فلاح و بہبود اور عوام کو انصاف کی فراہمی ان کی دہلیز پر میسر ہو سکے۔