پشاور (جیوڈیسک) این اے 4 کے ضمنی انتخاب کی مہم کے سلسلے میں بلاول بھٹو پشاور پہنچے اور جلسۂ عام سے خطاب کیا، کہتے ہیں پیپلز پارٹی نے پختونوں کو شناخت دی، عوام ضمنی الیکشن میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں، ہم نے صوبوں کو خود مختاری دی، 26 اکتوبر کو جھوٹے اور کرپٹ سیاست دانوں کو شکست دینی ہے، نون لیگ اور پی ٹی آئی صرف ذاتی مفادات کی سیاست کرتی ہیں، خان صاحب ہر ہتھکنڈہ استعمال کر کے اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
بلالو کے جلسے میں تحریک انصاف کے گڑھ میں “رو عمران رو” کے نعرے بھی خوب گونجے۔ چیئرمین پی پی نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ بنی گالا سے وزیر اعظم ہاؤس تک پہنچنا چاہتے ہیں، نااہل وفاقی حکومت صرف پروپیگنڈہ کرنے کی ماہر ہے، کوئی ایک طبقہ بتا دیں جو اس حکومت سے خوش ہو، مزدور بے روزگار پھر رہے ہیں، کسانوں کو فصل کی قیمت نہیں مل رہی اور ملک میں مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔
بلاول عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے بولے، یہ لوگ پوری دنیا میں تبدیلی کا ڈھول پیٹ رہے ہیں اور خیبر پختونخوا میں تمام منصوبے کرپشن کی نذر ہو گئے ہیں، یہ دوسروں پر کرپشن کا الزام لگا کر خود کو فرشتہ ثابت کرنا چاہتے ہیں حالانکہ بلین ٹری منصوبے سے ہریالی تو نہیں آئی البتہ ان کی جیبیں ضرور بھر گئی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب ملک میں بم دھماکے ہو رہے تھے تب عمران خان دہشتگردوں کو بچھڑا بھائی کہتا تھا اور اب عمران خان نے ان کے مدرسے کو تعلیمی بجٹ سے پیسے بھی دیئے ہیں۔