لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف سے وزیر اعلیٰ پنجاب نے ملاقات کی ہے جس میں تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے احتجاج پر بات چیت ہوئی، شہباز شریف کا کہنا ہے کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے، پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان راولپنڈی اور کینیڈا والے شیخوں کے سر پر احتجاج کر رہے ہیں۔
ملاقات میں تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کل ہونے والے احتجاج پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ احتجاج کی سیاست کرنے والے ملک اور قوم کی خدمت نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج جمہوریت کا حسن ہے لیکن جو جماعتیں احتجاج کرنا چاہتی ہیں وہ اپنی کارکردگی پر بھی نظر ڈالیں۔
دوسری طرف میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان راولپنڈی اور کینیڈا والے شیخوں کے سر پر احتجاج کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا جمہوری حق ہے لیکن اسے جمہوریت کو گالی دینے کیلئے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔