تحریک انصاف نے جلسوں کی تاریخوں کا شیڈول تبدیل کر دیا

PTI

PTI

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے پنجاب میں ہونے والوں جلسوں کی تاریخوں کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے۔ 15 نومبر کو ساہیوال، 16 نومبر کو جہلم، 21 نومبر کو لاڑکانہ اور 23 نومبر کو گوجرانوالہ میں جلسہ ہو گا۔ 19 نومبر کو منڈی بہاءالدین کی بجائے پنجاب کے ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں طلب کئے گئے اجلاس میں 1200 پارٹی رہنماء شرکت کریں گے۔

تحریک انصاف کے منڈی بہاءالدین میں 19 نومبر کو ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ 24 نومبر کو فیصل آباد اور 27 نومبر کو قصور میں ہونے والے جلسے بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ فیصل آباد، قصور اور منڈی بہاءالدین کے جلسوں کا شیڈول 30 نومبر کو اسلام آباد جلسے میں ہو گا۔

جلسوں کے شیڈول میں تبدیلی 30 نومبر کے دھرنے کی تیاری کیلئے کی گئی ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے صوبائی صدر اعجاز چودھری نے جلسہ کے انتظامات کے سلسلے میں گوجرانوالہ کا دورہ کیا اور ورکرز کنونشن سے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کی ضلعی انتظامیہ نے انہیں جناح سٹیڈیم میں جلسہ کی اجازت نہیں دی لیکن ہمیں اجازت کی ضرورت بھی نہیں ہے۔ ہم ہر صورت میں یہاں جلسہ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گوجرانوالہ کی ضلعی انتظامیہ گلو کریسی نہ بنے اور اپنا آئینی کردار ادا کرے۔

پولیس سکیورٹی کو ایشو بنا کر ہمیں جلسہ سے روکنا چاہتی ہے لیکن ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم اپنی سکیورٹی خود کرنا جانتے ہیں۔ ہمیں اجازت ملے یا نہ ملے 23 نومبر کو عمران خان گوجرانوالہ میں جلسہ ضرور کریں گے۔