پی ٹی آئی کے جلسے کی سیکیورٹی کیلئے7 ہزاراہلکار فرائض انجام دینگے، ریڈ زون سیل

PTI

PTI

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے جلسے کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ، ریڈ زون کو کنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیا ، سیکورٹی کیلئے سات ہزار سے زیادہ اہلکار فرائض انجام دیں گے ، پی ٹی آئی کے چار سو پچاس رضاکار بھی انتظامیہ کی معاونت کریں گے۔

11مئی کو وفاقی دارالحکومت میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے لئے سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ریڈ زون کو کینٹیرز لگا کر بلاک کر دیا گیا ہے ، دو ہیلی کاپٹر جلسہ گاہ کی فضائی نگرانی کریں گے ، سیکورٹی کے لئے تین حصار بنائے گئے ہیں۔ دوسرے شہروں سے آنے والوں کیلئے متبادل راستوں کا بندوبست کیا گیا ہے۔

سولہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوس کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ 700 میٹر لمبے پنڈال میں آنے والے شرکاء کو واک تھرو گیٹ سے گزرنا ہوگا۔ خواتین کے داخلے کے لئے الگ راستہ رکھا گیا ہے۔ سیکورٹی کیلئے پولیس ، رینجرز اور ایف سی کے سات ہزار اہلکاروں کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔

دوسرے صوبوں سے بھی ساڑھے چار ہزار نفری طلب کی گئی ہے ، جلسے کیلئے وسطی پنجاب کے تمام قافلے لاہور سے اسلام آباد پہنچیں گے۔ صوبائی صدر اعجاز چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب سے لاکھوں افراد جلسے میں شریک ہوں گے۔ خیبر پختونخوا سے کارکنوں کیلئے دو ہزار گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ کوئٹہ سے تحریک انصاف کے کارکنوں کا قافلہ صوبائی صدر قاسم سوری کی قیادت میں اسلام آباد کیلئے رواں دواں ہے۔