اسلام آباد (جیوڈیسک) لاہور میں پی ٹی آئی کے جلسے میں خواتین کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے نوٹس لے لیا ہے اور واقعے میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔
لاہور میں یکم مئی کو ہونیوالی ریلی میں پی ٹی آئی کی ورکر خواتین کے ساتھ نامعلوم افراد نے بدتمیزی کی تھی اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ جس کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا تھا ۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے فوری طور پر پنجاب حکومت کو ملزموں کی گرفتاری کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ ملزموں کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد میں سے پانچ کی شناخت ہوچکی ہے اور ان کی گرفتاری کیلئے نادرا سے ڈیٹا حاصل کرنے کیلئے مدد مانگ لی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ واقعے کی کوریج کرنے والے ٹی وی چینلز کی ویڈیو سے بھی مدد لی جائے گی۔