اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں اسد عمر، شیریں مزاری اور عارف علوی پارلیمنٹ ہاؤس میں واقع سپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں پہنچے اور تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفیٰ جمع کرا دیئے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی غیر موجودگی میں سیکرٹری قومی اسمبلی نے استعفیٰ وصول کئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اپنا استعفیٰ خود جمع کرا سکتے ہیں، ان کا تحریک انصاف سے تعلق نہیں ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کہ ہم بند گلی میں نہیں بلکہ ایک نئے پاکستان کا راستہ بنانے جا رہے ہیں۔ اگر 2 بھائیوں کی ہٹ دھرمی سے ملک کا نظام خطرے میں پڑ جائے تو انہیں سوچنا چاہیئے کہ انہیں پاکستان کا مفاد عزیز ہے یا پھراپنا اقتدار۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کے ہزاروں کارکن جیل میں ہیں جنہیں رہا نہیں کیا گیا۔
ان کے اپنے گھر پر حملہ کیا گیا اور وفاقی دارالحکومت کے راستوں پر اب بھی کنٹینرز موجود ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنماء نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جمہوری استحکام اور آئین پر عمل درآمد کی قرارداد منظور کی گئی اور ہم بھی یہی چاہتے ہیں کہ آئین پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد کیا جائے۔
سیاستدان مسئلے کا حل نکالتے ہیں اور ہم حل نکالیں گے۔ انہوں نے استعفوں کی تعداد بتانے سے گریز کیا۔