لاہور (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی جنرل سیکریٹری خواتین ونگ پی ٹی آئی پنجاب ڈاکٹر انیسہ فاطمہ ملک اور محمد خاں مدنی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سینیٹ کی بڑی جماعت بن کر سامنے آئی مگر اسکے باوجود وزیراعظم عمران خان نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا دلیرانہ فیصلہ کر کے اپوزیشن کو بڑا چیلنج دیا ہے اب اپوزیشن کو اپنی اکثریت ثابت کرنا ہوگی وگرنہ پیسے کی چمک سے ضمیروں کی سوداگری اور ووٹوں کی خریداری کا حساب دینا ہو گا۔
اپنے ایک مشترکہ بیان میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے میثاق جمہوریت کے نام پر مک مکا کیا اور اب دوسری نسل اس سیاسی میراث کو آگے بڑھا نے کیلئے کوشاں ہے دونوں جماعتیں صرف کرپشن کے کیسزمیں ریلیف چاہتی ہیں لیکن ان کا یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا اورانہیں قوم کے لوٹے ہوئے اربوں روپے واپس کرنا پڑیں گے جبکہ عمران خان عوام کی طاقت سے اقتدار میں آ کر کرپشن کے راستے کی سب سے بڑی دیوار بنے ہوئے ہیں جو دونوں جماعتوں کو ہضم نہیں ہو رہا اور حکومت کے خلاف منفی پراپیگنڈا کیا جارہا ہے عمران خان نے اپنی سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہر ادارے میں اصلاحات متعارف کرائی ہیں اور انشااللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ٹیک آف کی پوزیشن میں آ ئے گا۔