لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کی 28 ستمبر کو مینار پاکستان لاہور میں “گو نواز گو “جلسے کو کامیاب بنانے کےلیے تیاریاں جاری ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں نے جلسے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں مینار پاکستان کی بجائے جاتی عمرہ جانے کا اعلان کر دیا ہے۔
تحریک انصاف نے اتوار 28 ستمبر کو مینار پاکستان لاہور میں گو نواز گو جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں پارٹی کی سطح پرمشاورتی عمل جاری ہے۔
تحریک انصاف کی ضلعی قیادت نے جلسہ گاہ میں سٹیج اور سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے مینار پاکستان کا دورہ بھی کیا اور اس سلسلے میں مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دیدی ہیں۔ مینار پاکستان کے وسیع و عریض گرائونڈ میں خواتین کے لیے مخصوص انکلوژر بنایا جائے گا۔