تحریک انصاف پر قبضہ گروپ کا راج ہے کاش شاہ محمود کی حقیقت عمران خان بھی جان جائیں، جاوید ہاشمی

 Javed Hashmi

Javed Hashmi

ملتان (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے معطل صدر جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف پر قبضہ گروپ کا راج ہے جب کہ ان کے اور عمران خان کے علاوہ کسی نے آئینی طریقے سے عہدہ حاصل نہیں کیا۔

ملتان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 149 پر ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں ایسے فیصلے ہورہے ہیں جس سے عوام کی تذلیل ہو رہی ہے، وہ نوجوانوں کےساتھ تحریک انصاف کی منافقت نہیں چلنے دیں گے، پارٹی نے 3ماہ پہلے استعفے دینے کا فیصلہ کیا تھا وہ تحریک انصاف میں ہوتے ہوئے اسمبلی نشست سے استعفیٰ نہیں دینا چاہتے تھے کیونکہ کسی بھی نشست پر پہلا حق عوام کا ہوتا ہے اس کے بعد پارٹی کا حق ہوتا ہے اور پھر اس شخص کا حق ہوتا ہے جو جسے عوام کامیاب کراتے ہیں۔

پارٹی کے فیصلے کے مطابق انہوں نے استعفیٰ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں ایسے اقدامات کئے جارہے تھے جو ہمارے ووٹرز کی توہین کے مترادف تھے، جب انہوں نے دیکھا کہ اسپیکر استعفے منظور نہیں کررہے تو انہوں نے قومی اسمبلی میں جاکر استعفے کا اعلان کیا، وہ عوام کے منتخب نمائندے تھے اور انہوں نے عوام کا حق انہیں واپس لوٹا دیا، انہوں نے حلقے کے لوگوں کو موقع دیا کہ اگر ان کی باتیں ٹھیک ہیں تو انہیں دوبارہ منتخب کریں اگر وہ آزاد حیثیت سے پارلیمنٹ میں جائیں گے تو زیادہ بہتر طریقے سے عوام کی بات کہہ سکیں گے۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ پارٹی کی جانب سے انہیں کوئی نوٹس نہیں ملا، وہ کسی سے نہیں ڈرتے کیونکہ ان کا دامن صاف ہے،وہ کنٹینر پر جا کر نوجوانوں کے سامنے اپنا مقدمہ پیش کرنا چاہتے ہیں، انہیں جب بھی بلایا گیا وہ ضرور جائیں گے، تحریک انصاف کے کارکنوں نے انہیں صدر منتخب کیا تھا لیکن اب اس جماعت پر قبضہ گروپ کا راج ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین پارٹی کے حقیقی جنرل سیکریٹری نہیں، پارٹی میں قانونی اور آئینی طور پر صرف وہ اور عمران خان تھے، پارٹی میں شاہ محمود قریشی کی کوئی حیثیت نہیں، تحریک انصاف کے کارکن عمران خان کے بعد ان کے حق میں نعرے لگاتے تھے، پارٹی کے نوجوان کارکن شاہ محمود قریشی کی حقیقت جانتے ہیں کاش کہ عمران خان بھی جان جائیں۔