اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کی جانب سے دھاندلی کے مبینہ شواہد پیش کر دیے گئے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما نیوز کانفرنس کے لیے آئے اور ساتھ لائے مبینہ شواہد، تفصیلات سامنے رکھی گئیں اضافی بیلٹ پیپرز کی چھپائی کی،اسحاق خاکوانی اور عارف علوی نے بریفنگ دی۔
اسحاق خاکوانی نے بلوچستان سے متعلق کچھ تفصیلات پیش کیں،بتایا کہ این اے 266 میں ظفر اللہ جمالی کو 40 ہزار اور ان کے مدمقابل امیدوار کو 35 ہزار ووٹ ملے، 24 ہزار 700 ووٹ مسترد کر دیے گئے۔ این اے 269 میں جے یو آئی ف کے قمر دین، رئوف مینگل سے صرف 58 ووٹوں سے جیتے،مسترد ہوئے 35 سو ووٹ۔
یوں اتنی بڑی تعداد میں ووٹ مسترد کر کے اپنے امیدواروں کو جتوایا گیا ۔ عارف علوی نے اضافی بیلٹ پیپرز سے متعلق بریفنگ دی اور دعویٰ کیا کہ پرنٹنگ کارپوریشن لاہور میں 13 لاکھ 31 ہزار اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ، کراچی میں 31 لاکھ 96 ہزار اضافی بیلٹ پیپرز پرنٹ ہوئے۔
جن میں 15 لاکھ دوہرے نمبر والے بیلٹ پیپرز بھی شامل تھے۔ خواجہ سعد رفیق کے حلقے این اے 125 میں 1 لاکھ 20 ہزار اضافی بیلٹ پیپرز تھے،جھنگ کے حلقے این اے 87 میں یہ تعداد 65 ہزار تھی،تحریک انصاف کی بریفنگ میں اضافی بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے ساتھ ووٹرز ٹرن آئوٹ میں 2008 کے مقابلے میں اضافے کے اعدادوشمار پیش کر کے اس کی وجوہات پر بھی سوال اٹھائے گئے۔