اسلام آباد (جیوڈیسک) شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں سندھی جگاؤ مہم شروع کرنے سمیت اہم امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھی جگاؤ مہم کا آغاز حیدرآباد میں ایک بڑے جلسے کے انعقاد سے کیا جائے گا اور اس سلسلے میں عمران خان سندھ کے مختلف اضلاع کا دورہ بھی کریں گے۔ اجلاس میں 28 ستمبر کو لاہور میں جلسہ منقعد کرنے پر غور کیا گیا تایم اس حوالے سے حتمی فیصلہ تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کرے گی۔ اجلاس میں لاہور جلسے کے انتظامات چودھری اعجاز کو سونپے جانے پر بھی غور کیا گیا۔
اس سے پہلے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 149 ملتان سے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ پارٹی مشاورت سے کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے، ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا گیا، جلد بتائیں گے کہ ضمنی انتخابات میں جاوید ہاشمی کے مقابلے میں امیدوار کیوں کھڑا نہیں کر رہے۔
انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی سن لیں کہ مجھے کسی سفارتکار سے چھپ کر ملنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ جاوید ہاشمی سے ذیادہ سفارتی آداب اور طور طریقے جانتا ہوں ۔ ملک کا وزیر خارجہ رہ چکا ہوں تمام سفارتی آداب سے آگاہ ہوں۔