اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے دھرنے میں شریک لوگوں میں عید الاضحیٰ کے موقع پر تحائف کی تقسیم کے دوران بدنظمی ہوگئی اور کارکن تحائف کے لئے ایک دوسرے سے ہی لڑ پڑے۔
اسلام آباد کے ڈی چوک میں جاری تحریک انصاف کے دھرنے میں شریک کارکنوں میں عید کے موقع پر پارٹی کی لیڈیز ونگ کی خواتین کی جانب سے کپڑے اور دیگر تحائف تقسیم کئے جا رہے تھے کہ اس دوران بدنظمی ہوگئی اور کارکن آپس سے لڑ پڑے، اس دوران کارکنوں نے ایک دوسرے پر ڈنڈوں اور کرسیوں سے حملہ کرکے سارا سامان چھین لیا۔
جبکہ کچھ مشتعل افراد نے وہاں رکھی کرسیاں بھی توڑ ڈالیں، کارکنوں کی چھینا جھپٹی اور مارا ماری کے دوران کپڑے اور تحائف کی تقسیم کرنے والی خواتین بھی زخمی ہوگئیں اور انہوں نے دھرنے سے چلے جانے میں ہی عافیت سمجھی۔ اس دوران تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے کے نمائندوں کے ساتھ بدتمیزی کی گئی۔
تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین نے انتظامی امور کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کے ارکان کے پہنچنے سے قبل ہی تحائف کی تقسیم شروع کردی جس کی وجہ سے یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔