اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے 30 نومبر کو تحریک انصاف کے جلسے کے سلسلے میں دارالحکومت کی اہم شاہراہوں کو بند کرنا شروع کر دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ بلیو ایریا میں جناح ایونیو کے متوازی فضل الحق روڈ ایمبسی روڈ کے پاس بند کر دی گئی ہے جبکہ میریٹ ہوٹل سے سیکرٹریٹ جانے والی سڑک کو ایویکیو ٹرسٹ کے پاس بند کر دیا گیا ہے۔
جلسے سے ایک روز قبل سیکٹر جی نائن تھری کے پاس ابن سینا روڈ بند کر دی جائے گی۔ ایف نائن پارک گیٹ کے پاس جناح ایونیو بند کر دی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی جے پی روڈ پر نیسکام سگنل، منڈی موڑ، خیابان، پنڈورہ، نائنتھ ایونیو اور آئی ایٹ مرکز کے داخلی راستے بند رہیں گے۔
ضلعی انتظامیہ حکام کے مطابق ایکسپریس وے پر کرال چوک، کھنہ پل، اقبال ٹاؤن، ضیاء مسجد، کری روڈ اور فیض آباد کے داخلی راستے بھی بند کر دیے جائیں گے۔