لاہور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں گرفتار ماڈل ایان علی کی رہائی کے خلاف سپریم کورٹ سے ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
کرنسی اسمگلنگ کیس میں گرفتارماڈل ایان علی کی رہائی کے خلاف تحریک انصاف نے سپریم کورٹ سے سوموٹو نوٹس لینے کا مطالبہ کردیاہے. تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایان علی رنگے ہاتھوں پکٹری گئی، اتنے بڑے جرم کے الزام میں گرفتار خاتون کو رہا کرنا مضحکہ خیز ہے جب کہ کیس میں ایک سرکاری افسربھی قتل ہوچکا ہے۔
عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ ملکی وقار کو مجروح کرنے والی خاتون کی رہائی دنیا بھر میں جگ ہنسائی کا باعث بن رہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے ماڈل ایان علی کو 5، 5 لاکھ روپے کے 2 مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔