اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے نادرا کی جانب سے این اے 118 کے پولنگ بیگز کی ٹیمپرنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے چیئرمین نادرا کے خلاف فوری کا رروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اور تحریک طالبان کے خلاف آپریشن کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں کہا گیا چیئرمین نادرا اپنی ساکھ کھو چکے ہیں اور اس عہدے پر برقرار رہنے کا اخلاقی جواز نہیں رکھتے۔
کور کمیٹی نے سپریم کورٹ سے پولنگ بیگز میں ٹیمپرنگ کے واقعہ کااز خود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے چیئرمین نادرا کو معطل کرنے کی استدعا بھی کی۔ کمیٹی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی ساکھ کھو چکاہے اور اب نادرا بھی اسی راستے پر گامزن ہے۔
دریں اثنا کور کمیٹی نے طالبان کے خلاف آپریشن کی مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی ایئر پورٹ پر حملہ کی ذمہ داری قبول کر کے طالبان نے امن کو تباہ کر دیا، پاکستان اور معصوم عوام کو نقصان پہنچانے والوں سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔
عمران خان نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ کراچی ائیر پورٹ پر حملہ حکومت کی انسداد دہشت گردی پالیسی کی ناکامی ہے ، انہوں نے کہا کہ یہ حملہ سکیورٹی کی بھی ناکامی ہے ، انہوں نے بلوچستان میں زائرین کی بس پر حملے میں بڑی تعداد میں جانی نقصان پر بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ذمہ داروں کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔