اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے طالبان سے غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا۔ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے ایف سی، پولیس، فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بامعنی مذاکرات کے حصول کیلئے جنگ بندی پہلا ضروری قدم ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس عمران خان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ معصوم شہریوں کے قتل عام نے ملک میں امن کے حصول کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کر دی ہیں۔ بے گناہ شہریوں کی ہلاکت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
کور کمیٹی نے آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے بات چیت کے عمل کو آگے بڑھانے کی حکومتی کاوشوں کو سراہا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ بات چیت کے ذریعے معاملات کا حل ہی درست راستہ ہے۔
کمیٹی کا موقف تھا کہ یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ شدت پسندوں میں بعض عناصر امن عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں اس لئے مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لئے طالبان سے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کریں۔