اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سنیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان جس ایجنڈے کے تحت تماشہ چاہتے ہیں وہ لگنے نہیں دیں گے۔
پرویز رشید نے استفسار کیا کہ کیا کارکنوں کو اقتدار کے لئے آگ کا ایندھن بنانا جائز ہے؟ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ مرنے مارنے کی بات کرنے والے بتائیں ان کا مسئلہ کیا ہے؟
سنیٹر پرویز رشید نے مزید کہا کہ پاناما لیکس پر حکومت نے مکمل سنجیدگی ظاہر کی، کارکنوں کو تشدد پر اکسانا جمہوری نہیں، غیرقانونی طرز عمل ہے۔
سنیٹر پرویز رشید نے کہا کہ غیرقانونی اجتماع کا مقصد شہریوں کی زندگی میں خلل ڈالنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کروڑوں لوگوں کی زندگیوں کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خان صاحب روزانہ جلسہ کرتے ہیں، کبھی رکاوٹ نہیں ڈالی، عمران خان اب لاقانونیت پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دھرنے کے دوران عمران خان نے وعدہ خلافی کی تھی، ہم اس بار پی ٹی آئی کی بات پر یقین کرنے کو تیار نہیں۔
پرویز رشید نے یہ بھی کہا کہ عمران خان آج وارم اپ ایکسرسائز کرنے جا رہے تھے، جتھہ بندی پر پابندی ہے، ریاست نے اپنا فرض پورا کیا اور کرتی رہے گی۔ جمہوری راستے موجود ہیں، یلغار کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔