لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف آج لاہور میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔ عمران خان اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے۔ ان کا کہنا ہے ن لیگ کے خلاف نہیں بلکہ کرپشن کے خلاف سڑکوں پر نکل رہے ہیں۔
تحریک انصاف کی ریلی کا آغاز شاہدرہ سے ہو گا جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی شاہراہ قائداعظم پر فیصل چوک پر ختم ہو گی ۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ریلی کی قیادت کریں گے۔
اسلام آباد سے لاہور پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک نواز شریف کا احتساب نہیں ہو گا کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں ۔ دنیا بھر میں جن حکومتی شخصیات پر کرپشن کے الزمات لگے وہ مستعفی ہو گئے۔
دوسری جانب تحریک انصاف ریلی کے روٹ کے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ۔ شہری کو آمدو رفت میں مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے ۔
تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کی قیادت میں شاہدرہ سے چئیرنگ کراس تک احتجاجی ریلی نکالی جا رہی ہے ۔ ریلی کے راستے علی الصبح ہی کنٹینر لگا کر بند کر دئیے گئے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ریلی کے پہلے پڑاؤ کے روٹ پر بھاٹی چوک تا موہنی روڈ ، شیش محل روڈ اور شاہ عالم روڈ کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے جب کہ بھاٹی چوک سے اختتامی مقام چئیرنگ کراس تک بھی مال روڈ کے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔
مرکزی شاہراہ مال روڈ میں تمام راستے انار کلی ، نیلا گنبد، ہال روڈ ، جی پی او چوک اور چئیرنگ کراس کو ہر قسم کی آمد ورفت کے لیے بند کیا گیا۔