تحریک انصاف کا سونامی کل گوجرانوالہ سے ٹکرائے گا، کارکن پرجوش، بھنگڑے

PTI

PTI

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) تحریک انصاف کا سونامی کل پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ سے ٹکرائے گا، تحریک انصاف کے پرجوش کارکنوں کے بھنگڑے جاری ہیں، انتظامیہ نے مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے پانچ عہدیداروں کی نظربندی کا فیصلہ کر لیا۔

گوجرانوالہ کے جناح سٹیڈیم میں جلسے کے انتظامات حتمی مراحل میں ہیں۔ کرسیاں لگانے کا کام جاری ہے، جلسے کے لیے سٹیج بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ سٹیڈیم کے آٹھ دروازے ہیں، پویلین گیٹ سے صرف عمران خان کی گاڑی داخل ہو سکے گی۔ ایک گیٹ میڈیا کے لیے، دو گیٹ خواتین کے لیے جبکہ چار گیٹ عام کارکنوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

سٹیڈیم کے داخلی اور خارجی راستوں پر 24 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دئیے گئے ہیں۔ دو کنٹرول رومز بنا کر جلسہ کو براہ راست مانیٹر کیا جائے گا۔ حفاظتی اقدامات کے تحت ڈاکٹرز کی چھٹیاں منسوخ کر کے دیگر اقدامات بھی کر لیے گئے ہیں۔

تحریک انصاف کے کارکنوں میں جلسے کے حوالے سے زبردست جوش و خروش ہے۔ کارکن ابھی سے سٹیڈیم پہنچ گئے ہیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے جا رہے ہیں۔ دوسری طرف عمران خان کی لگی متعدد تصاویر کو نامعلوم افراد نے مٹی اور سیاہی لگا کر خراب کر دیا ہے۔ دو روز پہلے بھی اندرون شہر لگے ہورڈنگ بورڈز کو نامعلوم افراد نے جلا دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے جلسے کو پرامن رکھنے کے لیے مسلم لیگ ن یوتھ ونگ پنجاب کے جوائنٹ سیکرٹری شعیب بٹ، سٹی صدر آصف بٹ سمیت پانچ عہدیداروں کو دو دن کے لیے نظر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔