پی ٹی آئی کا سونامی آج شہر اقتدار سے ٹکرائے گا، جلسے کی تیاریاں مکمل

PTI

PTI

اسلام آباد (جیوڈیسک) انتظامیہ کیساتھ معاہدے کے مطابق پی ٹی آئی کا جلسہ پریڈ ایونیو پر ہو گا۔ سٹیج کا رخ جناح ایونیو کی طرف ہو گا جس کے اطراف کنٹینرز لگا دیئے گئے ہیں۔ کارکنوں کو جلسہ گاہ میں داخلے کے لئے مارگلہ روڈ، پی ٹی وی چوک، ایکسپریس چوک اور کنونشن سینٹر کے سامنے شاہراہ دستور کے راستے پیدل رسائی دی جائے گی۔

جلسہ گاہ کی اندرونی سیکیورٹی تحریک انصاف کی ذمہ داری ہو گی۔ جلسہ گاہ کے ایک طرف پارلیمنٹ لاجز ہیں اور عقب میں ریڈ زون ہے۔ جہاں پارلیمنٹ ہاوس، ایوان صدر، سپریم کورٹ، وزیر اعظم ہاؤس اور پاک سیکرٹریٹ جیسی حساس عمارتیں اور ڈپلومیٹل انکلیو واقع ہیں۔

وفاقی انتظامیہ کی جانب سے جلسے کے شرکاء کا تخمینہ 60 سے 70 ہزار افراد لگایا جا رہا ہے۔ جلسہ میں شرکت کیلئے سندھ سمیت ملک بھر سے کارکن اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ کارکنان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی کال پر جیل بھرو تحریک شروع کرنے کو بھی تیار ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو قانون حرکت میں آ جائے گا۔ سیکیورٹی اداروں نے دہشت گردی کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔