تحریک انصاف کا سونامی آج گوجرانوالہ سے ٹکرائے گا

PTI

PTI

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) جناح اسٹیڈیم میں جلسے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ چالیس فٹ چوڑے اور سولہ فٹ بلند مرکزی اسٹیج پر عمران خان اور دیگر مرکزی قائدین بیٹھیں گے۔ میڈیا اور پارٹی عہدیداروں کیلئے دو الگ اسٹیج بنائے گئے ہیں۔

جلسہ آرگنائزنگ کمیٹی کے مطابق پنڈال میں بیس ہزار کرسیاں لگا دی گئی ہیں۔ جلسے کے شرکاء آٹھ دروازوں سے اسٹیڈیم میں داخل ہو سکیں گے۔ جلسے کیلئے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ داخلی اور خارجی راستوں پر چوبیس سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔

مانیٹرنگ کیلئے دو کنٹرول رومز بھی بنائے گئے ہیں۔ بائیس سو پولیس اہلکار سیکورٹی کیلئے تعینات ہونگے۔ تحریک انصاف کے کارکنوں کا جوش و خروش بھی عروج پر ہے۔

گوجرانوالہ انتظامیہ نے جلسے کو پر امن رکھنے کیلئے مسلم لیگ ن یوتھ ونگ پنجاب کے جوائنٹ سیکرٹری شعیب بٹ اور سٹی صدر آصف بٹ سمیت پانچ عہدیداروں کو نظر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔