تحریک انصاف کا بارھویں روز دھرنا، امریکہ نے نیٹو سپلائی عارضی طور پر روک دی

Nato Supplies

Nato Supplies

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کا دھرنا آج بارھویں روز بھی جاری ہے، پاکستان میں ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کے باعث امریکا نے افغانستان سے پاکستان کے راستے فوجی سامان کی ترسیل عارضی طور پر روک دی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور قومی وطن پارٹی کے کارکن رنگ روڈ پر حیات آباد انٹر چینج کے قریب دھرنے کیلئے پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ کارکن کنٹینرز کے کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں جانے کی اجازت دے رہے ہیں۔

نیٹو سپلائی کے خلاف دھرنے کے دوران اب تک نیٹو سامان کی ترسیل کے شبہہ میں متعدد کنٹینرز واپس کئے جا چکے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ ڈرون حملے رکنے تک نیٹو سپلائی بحال نہیں کی جائے گی۔

امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان مارک رائٹ کا کہنا ہے کہ نیٹو ڈرائیوروں کے تحفظ کے لئے افغانستان سے پاکستان کے راستے آنے والے فوجی سامان کی ترسیل روک دی گئی ہے کیونکہ پاکستان میں ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج ہو رہا ہے۔

پینٹا گون کے ترجمان کے مطابق مستقبل قریب میں اس راستے سے فوجی سامان کی ترسیل بحال ہو جائے گی۔