تحریک انصاف کے کارکنوں کو نظر بند نہ کیا جائے: لاہور ہائیکورٹ

 Lahore High Court

Lahore High Court

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کو تحریک انصاف کے کارکنوں کو نظر بند اور ہراساں نہ کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں غیر ضروری کنٹینرز ہٹا کر تمام راستے کھولے جائیں اور پنجاب بھر میں پٹرول کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کے علاقے ماڈل ٹائون کے ایچ بلاک اور جناح ہسپتال سے بھی رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی تو تحریک انصاف کے وکیل احمد اویس نے کہا کہ پنجاب بھر میں تحریک انصاف کے کارکنوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور گھروں یں چھاپے مارے جا رہے ہیں جس پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کے کسی کارکن کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

تحریک انصاف کے وکیل احمد اویس نے کہا کہ آئی جی پنجاب غافل ہیں انہیں پتہ ہی نہیں ان کے نیچے کیا ہو رہا ہے۔ آئی جی پنجاب اور احمد اویس کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔