لاہور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں آئی ٹی کمپنی ایگزیکٹ کی جانب سے جعلی ڈگریوں کے فروخت کے معاملے پر قرارداد جمع کرا دی۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے جعلی ڈگریوں کی فروخت اور دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی کا باعث بننے والی آئی ٹی کمپنی ایگزیکٹ کے خلاف قرارداد جمع کرا دی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایوان ایگزیکٹ کمپنی کے اسکینڈل منظرعام پرآنے پر تشویش کا اظہار کرتا ہے جب کہ ایگزیکٹ کے غیرقانونی اقدامات پاکستان کے لئے شرمندگی کا باعث بنے جس سے دنیا بھر میں ملک کی بدنامی ہوئی۔
قرارداد میں وفاقی حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ ایگزیکٹ کمپنی کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی اقدامات کئے جائیں۔