تحریک انصاف قومی اسمبلی سے استعفے دینے کو بھی تیار

PTI

PTI

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف نے پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے چئیرمین کو جمع کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ جاوید ہاشمی کہتے ہیں مارشل لاء لگا تو سب سے پہلے گولی وہ کھائیں گے۔

آزادی مارچ میں شرکت کیلئے کراچی سے خصوصی ٹرین کی درخواست بھی دے دی۔ پشاور سے پچاس ہزار کارکنوں کی شرکت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے چئیرمین کو جمع کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ اوچھے ہتھکنڈے پرامن مارچ کا راستہ نہیں روک سکتے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویزخٹک نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا عمران خان نے خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے کی بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا 14 اگست کو اسلام آباد میں فیصلہ کن معرکہ ہوگا۔ پی ٹی آئی نے اسلام آباد مارچ کیلئے ملک بھر میں تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

کراچی سے قافلوں کی روانگی کیلئے دس بوگیوں پر مشتمل خصوصی ٹرین کیلئے درخواست دیدی گئی ہے۔ تحریک انصاف سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری کا کہنا ہے کہ سندھ سے آٹھ اگست کو موٹر سائیکل ریلی نکالی جائے گی جو مرکزی مارچ کا حصہ بنے گی۔

تحریک انصاف ضلع پشاور کے صدر یاسین خلیل نے بتایا کہ پشاور سے ایک ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کا قافلہ آزادی مارچ میں شرکت کیلئے اسلام آباد روانہ ہوگا۔