پی ٹی ایم خود کوئی مسئلہ نہیں، بعض افراد غیر ملکی ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، آرمی چیف

General Qamar Javaid Bajwa

General Qamar Javaid Bajwa

پشاور (جیوڈیسک) سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سازش کے تحت بعض افراد غیر ملکی ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں اور یہ ان لوگوں کے جذبات سے کھیل رہے ہیں جو دراصل دہشت گردی سے متاثر ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ پشاور کے موقع پر خیبرپختونخوا کی مختلف یونیورسٹیز کے طلباء سےگفتگو کی۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو قدرت نے متحرک اور ذہین نوجوانوں سے نوازا ہے اور ملک کا مستقبل ایسے ہی نوجوانوں سے وابستہ ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم کام انجام دیا، اب اس عظیم کام کے فوائد سماجی ترقی کی صورت میں حاصل کرنے کا وقت ہے۔

سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ پشتون تحفظ موومنٹ بذات خود کوئی مسئلہ نہیں، آپریشن کے بعد جو مسائل اجاگر کیے جارہے ہیں وہ حقیقی اور فطری ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ سازش کے تحت بعض افراد غیر ملکی ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں اور یہ ان لوگوں کے جذبات سے کھیل رہے ہیں جو دراصل دہشت گردی سے متاثر ہیں تاہم تمام دشمن قوتوں اور ان کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے متاثرین کو توجہ کی ضرورت ہے، حکومت اور سیکیورٹی فورسز قبائل کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں، ہمارے لیے سماجی معاشی ترقی کے ذریعے پائیدار امن اولین ترجیح ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق طلباء نے پاک فوج کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کسی بھی گمراہ کرنے والے کے پروپیگنڈے میں نہیں آئیں گے۔