اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے پی ٹی وی کی عمارت پر حملہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے جارحیت اور تشدد کی کارروائی قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری خود کو اس لاقانونیت سے بری الذمہ قرار نہیں دے سکتے کیونکہ ان کے کارکنوں نے وہ کچھ کیا جس کے لئے یہ دونوں رہنما اپنی تقاریر میں انہیں گزشتہ 17 دن سے اکسا رہے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے قومی ٹیلی ویژن نیٹ ورک پر حملہ نہ صرف قابل افسوس ہے بلکہ یہ مکمل طور پر بربریت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی اثاثے کے لئے ایک ایسا خطرہ پیدا کرنا اور نقصان پہنچانا مکمل طور پر بلا جواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داری عمران خان اور طاہر القادری پرعائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرتشدد مظاہرین کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست کے خلاف تشدد کا خاتمہ کریں۔