اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ شروع سے اب تک پر امن رہا ، ماڈل ٹاؤن کے ملزموں کو سزا مل جاتی تو پرسوں رات والا واقعہ نہ ہوتا ، ملک میں کمزور کو کہیں سے بھی انصاف نہیں ملتا۔
اسلام آباد میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پی ٹی وی کی عمارت میں داخل ہونے والے ہمارے کارکن نہیں ہیں۔ ماڈل ٹاؤن کے ملزموں کو سزا مل جاتی تو پرسوں رات والا واقعہ نہ ہوتا۔ عمران خان نے کہا ملک میں کمزور کو کہیں سے بھی انصاف نہیں ملتا۔
عمران خان کا کہنا تھا اسلام آباد کے جنرل ڈائر کو کوئی پوچھنے والا نہیں ، آمریت میں بھی گولی اس طرح نہیں چلائی جاتی۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کبھی سعودی عرب چلے جاتے ہیں اور کبھی این آر او کا سہارا لیتے ہیں ۔ عمران خان نے پی ٹی وی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کسی کو جانے کا نہیں کہا پی ٹی وی کی عمارت میں جو داخل ہوا وہ ہمارا کارکن نہیں ہے۔