عوامی امنگوں اور عدالتی حکم کے مطابق بلا حیل و حجت بلدیاتی انتخابات کرادینے چاہئیں

کراچی : پرویز مشرف کے مقامی حکومتوں اور ضلعی بلدیاتی نظام کے باعث ہونے والی قومی ترقی اور عوام کو ملنے والی سہولتوں نے پاکستان کی عوام کو بلدیاتی نظام کی اہمیت و افادیت سے پوری طرح سے بہرہ ور کر دیا ہے یہی وجہ ہے کہ سابقہ حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخاب نہ کرانے کی وجہ سے عوام نے اس وقت کی حکمران جماعت پیپلز پارٹی کو بری طرح مسترد کردیا۔

اب سپریم کورٹ کی جانب سے ستمبر میں ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کرائے جانے کے عدالتی حکم کیخلاف حکومتی پس و پیش عوام کیلئے باعث تعجب و تشویش بنا ہوا ہے۔ نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین عمران چنگیزی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام جلد سے جلد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد اور اپنے منتخب کردہ نمائندوں کے ذریعے اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں جبکہ سپریم کورٹ نے ان کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات ستمبر کرانے کا حکم بھی دے دیا ہے۔

جس پر عدلیہ کی آزادی کی دعویدار سیاسی جماعت و حکومت کی جانب سے من وعن عملدرآمد میں پس و پیش عوام میں میاں نواز شریف، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور موجودہ حکومت کی مقبولیت کو نقصان پہنچارہا ہے اس لئے حکومت کو عوامی مسائل و مصائب کا خیال اور عوامی امنگوں کے ساتھ عدالتی حکم کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بلا حیل و حجت ستمبر میں بلدیاتی انتخابات کرا دینے چاہئیں۔