عوامی تعاون سے معاشرے کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کیا جا سکتا ہے، جواد قمر

مصطفی آباد/للیانی: عوامی تعاون سے معاشرے کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کیا جا سکتا ہے، کرائم کا خاتمہ اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ ہم ملک خرم نصراللہ خاں کے مشکور ہیں جنہوں نے دفتوہ میں پولیس چوکی کیلئے دو کنال اراضی دی اور عمارت تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

پولیس تھانہ مصطفی آباد میں سب سے زیادہ کرائم دفتوہ میں ہوتے ہیں۔ تھانہ مصطفی آباد کے ٹوٹل 48 اشتہاری ہیں جبکہ 42 اشتہاریوں کا تعلق دفتوہ سے ہے۔ گزشتہ ماہ 600 جرائم رپورٹ ہوئے جن میں 150 صرف دفتوہ سے ہیں۔ موجودہ حالات میں دفتوہ میں پولیس چوکی کا قیام وقت کی ضرورت تھی۔

ان خیالات کا اظہار ڈی پی او قصور جواد قمر نے نواحی گائوں دفتوہ میں ملک خرم نصراللہ خاں کی طرف سے دی گئی دو کنال اراضی پر پولیس چوکی ملک نصراللہ خاں (مرحوم) کا افتتاح کرنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے سے جرائم کے خاتمہ کیلئے مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد کا پولیس کے ساتھ تعاون انتہائی ضروری ہے۔ تاکہ جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع کیا جا سکے۔

اس موقع پر ملک خرم نصراللہ خان نے کہا کہ اپنی یونین کونسل کی بہتری اور علاقہ کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے جگہ مہیا کی ہے۔ دفتوہ کے رہائشی چوہدری فرغام نے پولیس چوکی کو گاڑی دینے کا اعلان کیا۔

ہم ڈی پی او قصور جواد قمر اور ایس ایچ او تھانہ مصطفی آباد طارق بشیر چیمہ کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے پولیس چوکی کے قیام کیلئے خصوصی اقدامات کئے۔

تقریب میں ایس پی امجد محمود قریشی، انسپکٹر حسن فاروق گھمن، انسپکٹر میاں فرید، نائب صدر مسلم لیگ ن تحصیل قصور سید یوسف علی شاہ، چوہدری الماس، نواب ہمایوں، چوہدری عمر، رانا منیر، اسلم بھٹی، رانا عرفان، رانا خان بہادر،رانا عاشق ملی، سلطان، منیر احمد، رفیع، اشرف بھٹی ودیگر معززین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ڈی پی او قصور کو پولیس چوکی ملک نصراللہ خاں(مرحوم) کا افتتاح کرنے پر خراج تحسین پیش کی۔