عوامی تعاون کے ذریعے تجاوزات کا خاتمہ اور سرکاری املاک کو محفوظ بنائیں گے، تجاوزات کے قیام کو روکنے کے لئے نگرانی کا نظام قائم کیا جائے کمال مصطفی، میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی

کراچی : ایڈمنسٹریٹر و میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی کی ہدایت پر شاہراہوں پر ٹریفک کے نظام کی بہتری اور عوامی شکایات کے ازالے کے لئے تجاوزات کے خلاف میونسپل قوانین پر عمل در آمد کرکے تجاوزات کے قائم کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لانے کا اعلان بلدیہ شرقی کی تمام شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک بنا نے کے لئے گرینڈ آپریشن کا آغاز ،شاہ فیصل زون کے تحت شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن شاہراہوں، سروسز روڈ ز اور فٹ پاتھوں پر سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو کلیئر کردیا گیا۔

حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی کمال مصطفی، سپرٹینڈنگ انجینئر بلدیہ شرقی طارق مغل، ڈائریکٹر ہیلتھ بلدیہ شرقی کمال مصطفی، ایگزیگٹیوانجینئر گلشن زون ظفر بلوچ، ایگزیگٹیوانجینئر شاہ فیصل زون اسلم پرویز اور دیگر افسران کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کا تفصیلی دورہ کرکے انسداد تجاوزات کے حوالے سے شاہ فیصل زون کے تحت جاری مہم کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ شاہ فیصل کالونی کی اہم شاہراہوں، چورنگیوں، اور چوراہوں کے اطراف قائم تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ غیر قانونی اسٹینڈز اور پارکنگ کا بھی خاتمہ یقینی بنا یا جائے انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں تعطل بلکہ عوام کو آمد و رفت میں مشکلات درپیش ہے۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے بلدیہ شرقی کی جانب سے شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر سے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے آغاز کو سراہتے ہوئے کہاکہ تجاوزات کے قیام کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے انہوں نے عوام خصوصاً تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ تجاوزات کے خلاف جاری مہم میں بلدیاتی اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ باہمی تعاون کے ساتھ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنا نے کے ساتھ علاقائی خوبصورتی میں بھی اضافہ کیا جاسکے۔

اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی کمال مصطفی نے کہاکہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع شرقی کے تمام علاقوں سے تجاوزات کا خاتمہ اور سرکاری املاک کو محفوظ بنا یا جائے گا انہوں نے بلدیہ شرقی کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے قیام کی روک تھام کے لئے علاقائی نگرانی کا موثر نظام قائم کیا جائے اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی کمال مصطفی نے تاجر برادری اور علاقہ مکینوں کی درخواست پر شمع شاپنگ سینٹر چوک پر مونو منٹ تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔