اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے آئی ڈی پیز اور سیلاب زدگان کی امداد پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ عمران خان کی نفرت آمیز سیاست پر توجہ دینے کیلئے وقت نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام تھر قحط زدگان اور آواران کے زلزلہ متاثرین کی مدد کرنے والوں کو یاد رکھیں گے۔ عوام، آئین یرغمال بنانے والوں اور ضد پر قائم رہنے والوں کو یاد نہیں رکھیں گے۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا بارشوں اور دہشت گردی سے متاثر ہوا ہے۔
صوبے کو پارٹ ٹائم نہیں بلکہ فُل ٹائم وزیر اعلی چاہیے۔ پرویز خٹک اور ان کی کابینہ کو صوبے کی خدمت کیلئے رہا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکنوں کو صبح کے وقت سیلاب زدگان کی مدد اور شام کو دھرنے میں شامل ہونے کی ہدایت سنگین مذاق ہے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ عمران خان جھوٹ پہ جھوٹ بول کر عالمی چیمپئن کا ٹائٹل جیت چکے ہیں۔