لاہور : اسلامی جمعیت پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں سہولیات کا فقدان حکومتی دعوئوں کی قلعی کھول رہا ہے۔
تمام صوبوں اور وفاقی حکومت تعلیم سے آنکھیں چرا رہے ہیں جس کی وجہ سے مستقبل میں تباہی اور پریشانی ہو گی قوموں کی ترقی تعلیم میں ہے مگر پاکستانی حکمران تعلیم کے شعبے کو ہر دور میں نظر انداز کرتے رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں کالجز کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اور سندھ میں سینکڑوں گھوسٹ تعلیمی ادارے قائم ہیں ، یہ تعلیمی ادارے ملکی معیشت پر ایک بوجھ ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
غیر فعال سکولوں میں داخلے ، اساتذہ اور طلبہ کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔ ملک میں قائم جامعات اور کالجز فنڈز کی کمی کی وجہ سے بحرانی کیفیت کا شکار ہیں انہیں فنڈز جاری کئے جائیں ۔ زبیر حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کو جانب بوجھ کر تنزلی کا شکار کیا جا رہا ہے جس کے باعث نجی سیکٹر اور سرمایہ داروں نے تعلیم کے شعبے پر قبضہ کر لیا ہے، طبقاتی نظام معاشرے پر حاوی ہوتا جا رہا ہے۔