نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی الیکشن کمشن نے نئی دہلی کے ریاستی انتخابات میں اروند کیجریوال اور ان کی ریکارڈ توڑ سیٹیں لینے والی جماعت عام آدمی پارٹی کی جیت کا اعلان کر دیا۔ سرکاری نتائج کے مطابق عام آدمی پارٹی نے نئی دہلی اسمبلی کی کل 70 میں سے 67 جبکہ بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی نے صرف 3 سیٹیں حاصل کیں جبکہ کانگریس کو ایک بھی سیٹ نہ ملی اس کے 63 امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہو گئیں۔
واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی کے نومنتخب ارکان نے اروند کیجریوال کو اپنا قائد ایوان (وزیراعلیٰ) منتخب کر لیا تھا کیجریوال پرسوں 14 فروری یعنی ہفتے کو حلف اٹھائینگے۔
انہوں نے اپنی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم نرین در مودی اور وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سمیت اہم شخصیات کو مدعو کر لیا ہے۔ کیجریوال نے راجناتھ سنگھ سے ان کے دفتر میں گذشتہ روز ملاقات کی اور نئی دہلی کے رام لیلا میدان میں ہونیوالی تقریب حلف برداری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ مرکز سے محاذ آرائی نہیں چاہتے بلکہ دہلی کی ترقی کیلئے ملکر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں انکی جماعت کو اتنا بڑا مینڈیٹ ملنا بہت خوفزدہ کر دینے والا ہے ہمیں اپنے عوام کی توقعات اور خواہشات کو پورا کرنا ہو گا۔
دریں اثناء اروند کیجریوال نے حکومت کی طرف سے فراہم کردہ ژی پلس سکیورٹی واپس کر دی۔ ژی پلس سکیورٹی عموماً وزرائے اعلیٰ کو فراہم کیجاتی ہے اس حوالے سے عام آدمی پارٹی کے ترجمان نے نئی دہلی میں بتایا کہ اروند کیجریوال عام آدمی ہیں اور عام آدمی کے لیڈر ہیں لہذا عوام سے رابطہ بنائے رکھنے کیلئے وہ ژی پلس سکیورٹی نہیں لینگے۔