کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے ناراض اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی کو تنظیم محب وطن روشن پاکستان میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے چیئرمین امیر پٹی اور سینئر وائس چیئرمین محمد فاروق کمال نے کہا کہ پاکستان میں آئین ‘ قانون اور مساوات کی حکمرانی اور عوام کو شریک اقتدار بناکر وطن عزیز کو مستحکم و ترقی یافتہ اور عوام کو خوشحال بنانا ہمارا منشور ہے۔
جس کیلئے ہم نے خود مختار ڈویژنل کونسلوں کی تشکیل کے ذریعے آئینی ضمانت کے ساتھ مقامی خود مختاری کا فارمولہ پیش کردیا ہے جس پر عملدرآمد کے ذریعے پاکستان کی ہر ڈویژن کی عوام قومی پالیسی کے تحت اپنے مستقبل کے فیصلے کرنے اور اور اپنے محاصل کو اپنی ترقی و خوشحالی پر صرف کرنے کیلئے آزاد و خود مختار ہوں گے جس کے بعد پاکستان کے ہر خطے سے استحصال و احساس محرومی کا خاتمہ ہوجائے گا اور پاکستان کا ہر شہری یکساں حقوق کا مالک ہوگا۔
چونکہ بلوچستان کے عوام کے استحصال اور مایوسیوں کے خاتمہ مقامی خود مختاری میں ہی پنہاں ہے اسلئے جان محمد جمالی کو تنظیم محب وطن روشن پاکستان میں شامل ہوکر مقامی خود مختاری کے نفاذ کے ذریعے بلوچستان کے عوام کو دیگر صوبوں کے عوام کے مساوی و یکساں حقوق دلانے کیلئے ہماری جودجہد میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے کیونکہ اسی میں پاکستان کے عوام کی فلاح اور پاکستان کی بقا و محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔