لاہور : پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ عوام حکمرانوں کی طرف سے مزید ظلم و زیادتی برداشت کرنے کو تیار نہیں عوام حکمرانوں کا احتساب چاہتے ہیں۔ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ کو نامکمل کہہ کر حکمران بربریت اور درندگی کے اس واقعہ پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔
گو نواز گو کا نعرہ عوام کی طرف سے حکمرانوں پر عدم اعتماد کا اظہار ہے اس لئے عمران خان پر تنقید کرنے کی بجائے اپنے گریبانوں میں جھانکیں اور اپنے اعمال درست کریں، انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون میں بہنے والا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ موجودہ حکمرانوں نے عوام پر ظلم کرنے ، صوبہ اور ملک کو برباد کرنے کے علاوہ اور کیا ہی کیا ہے جو عوام انہیں اچھے القابات سے یاد کریں۔
ذاتی مفادات کے لئے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کا گٹھ جوڑ عوام نے مسترد کر دیاہے ، عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر حکمرانوں کو بہا کر لے جائے گا، انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تحریک انصاف کے بڑے بڑے جلسوں نے (ن) لیگ کے حواریوں کے منہ بند کر دیے ہیں آج حکمران ٹولہ عوام سے منہ چھپاتا پھر رہا ہے