عوامی حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مایوس کن ہے،متحدہ

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے حکومت کی جانب سے پیٹرول، مٹی کے تیل اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ نئی منتخب عوامی حکومت نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ملک بھر کے عوام کو مایوس کر دیا ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری اور دہشت گردی کا شکار ملک بھر کے عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول پہلے ہی مشکل تھا اور اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے در اضافے کی مشق برقرار رکھ کر ایک بار پھر عوام سے باعزت طریقے سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا گیا ہے۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ماضی کی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کیاجبکہ موجودہ حکومت سے عوام یہ امید رکھے ہوئے تھے کہ وہ عوام کے استعمال کی بنیادی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کی روش اختیار نہیں کرے گی اور پیٹرولیم مصنوعات سمیت بجلی، گیس اور دیگر بنیادی سہولیات میں عوام کو ریلیف فراہم کرے گی لیکن موجودہ حکومت کے اقدامات اس بات کی جانب اشارہ کررہے ہیں کہ عوام نے موجودہ حکومت سے جو توقعات وابستہ کررکھی تھیں وہ پوری ہوتی نظر نہیں آتی۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری کا طوفان ہے اور اس صورتحال کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کسی طرح بھی ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہے، اور اس اضافے سے براہِ راست عوام ہی متاثر ہونگے، اشیائے صرف کی قیمتوں، ٹرانسپورٹ کرایوں سمیت دیگر شعبوں میں مہنگائی کی شرح خطرناک حد تک بڑھے گی اور اس میں بے لگام اضافہ ہوگا۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے مطالبہ کیا کہہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا عوام دشمن فیصلہ نہ صرف فی الفور واپس لیاجائے بلکہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی مد میں مزید سبسڈی کے مثبت اور عملی اقدامات بروئے کار لائے۔