نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی ریاست دہلی کے وزیرِ اعلی اروند کیجریوال نے اعلان کیا ہے کہ ریاست کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات مفت فراہم کی جائیں گی اور میڈیکل ٹیسٹ بھی بلا معاوضہ ہونگے۔
دہلی کے وزیرِ اعلی کا کہنا ہے کہ اس سہولت کی فراہمی کے لیے ریاست میں جاری تین بڑے بنیادی ڈھانچوں کے منصوبے میں بچائی جانے والی رقم استعمال کی جائے گی۔
اروند کیجریوال کے بقول سرکاری انجینیرز نے ملک کے دارالحکومت نئی دہلی میں بنائے جانے والے تین پلوں کی تعمیر مختص بجٹ سے کم میں مکمل کر لی ہے۔ دہلی کے وزیرِ اعلٰی نے بتایا ہے کہ اس منصوبے میں پانچ کروڑ ڈالر کی بچت کی گئی ہے۔ اروند کیجریوال کے مطابق بچت شدہ رقم مفت ادویات اور میڈیکل ٹیسٹوں کے لیے مختص کر دی گئی ہے۔
عام پارٹی سے تعلق رکھنے والے اروند کیجری وال نے جب سے دہلی کے وزیرِ اعلی کا عہدہ سنبھالا ہے وہ ریاست میں مختلف انقلابی منصوبوں کا اعلان کرتے آئے ہیں۔ اس ماہ کے اوائل میں انھوں نے دہلی شہر میں آلودگی کو کم کرنے کے لیے ’ایک دن جفت اور ایک دن طاق‘ منصوبہ شروع کیا تھاجو آزمائشی طور پر پندرہ دن تک جاری رہا۔
اس منصوبے کے تحت شہر کی آلوگی میں کمی کرنے کے لیے ایک دن طاق عدد والی نجی گاڑیوں کو چلانے اور دوسرے دن جفت عدد نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کو سڑک پر آنے کی اجازت تھی۔
یکم جنوری سے شروع ہونے والی اس آزمائشی مہم کے دوران شہر میں تقریبا ایک چوتھائی گاڑیوں کو سڑک پر آنے سے روکا دیا گیا جس سے ٹریفک کی روانی سہل انداز میں ہوئی۔
ایک اندازے کے مطابق شہر میں 30 لاکھ گاڑیاں ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس مہم کے دوران آلودگی کم کرنے میں مدد ملی ہے یا نہیں۔