سرکاری ہسپتالوں خصوصا بنیادی مراکز صحت کی مانیٹرنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے

Gujarat

Gujarat

گجرات : ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں خصوصا بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز کی مانیٹرنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے اس مقصد کے لئے گجرات میں پانچ نئے مانیٹرنگ ایلوایشن اسسٹنٹس( ایم ایز) نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیںجو آج سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنیادی سرکاری ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کے لئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر ڈی ایم او احمد رضا سراء اور نئے تعینات ہونیوالے ایم ایز بھی موجود تھے۔

ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ نئے ایم ایز ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کی زیر نگرانی اپنا کام کریں گے اور سرکاری ہسپتالوں خصوصا بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کرکے وہاںڈاکٹرز و عملہ کی حاضری، ادویات کی موجودگی و فراہمی ، صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات کے بارے میں انہیں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ کریں۔ انہوںنے ایم ایز کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے سخت محنت سے کام کریں اور ان ہسپتالوں کو درپیش کے حوالے سے طے شدہ طریقہ سے رپورٹنگ کرکے مسائل کی درست طریقے سے نشاندہی کریں تاکہ انتظامیہ ان میں بہتری کے لئے اقدامات کر سکے۔