لاہور (جیوڈیسک) لوگ پاکستان سے علیحدگی نہیں اسلام آباد کے ظالمانہ نظام سے نجات چاہتے ہیں ، عوام چوروں کو ووٹ دیں گے تو چوری کیسے رکے گی۔ سراج الحق کے خطاب کے بعد جماعت اسلامی کا تین روزہ اجتماع اختتام پذیر ہوگیا۔
مینار پاکستان لاہور کے سبزہ زار میں جماعت اسلامی کے تین روزہ اجتماع کا آج آخری روز تھا۔ اجتماع سے اختتامی خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ملک میں ہر غریب اپنے آپ کو محروم سمجھتا ہے۔ پاکستان کو بیرونی دشمن سے زیادہ خطرہ ظالم طبقے سے ہے لوگ پاکستان سے علیحدگی نہیں اسلام آباد کے ظالمانہ نظام سے نجات چاہتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ غربت کی وجہ سے مائیں بچوں کو موت کے حوالے کرتی ہیں۔ پاکستان کو مدینہ کی طرح اسلامی ریاست بنانا چاہتے ہیں جس کو امریکا اور یورپ پسند ہے وہ وہاں چلاجائے۔ سراج الحق نے کہا کہ ڈیڑھ ہزار بلین کی ہرسال کرپشن کی جاتی ہے۔
لیکن کسی کو سزا نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ویژن کی کمی نہیں ہے ، مسئلہ قیادت کا ہے۔ قیادت میں صلاحیت نہیں ظالموں کو ووٹ دیں گے تو ظلم کیسے ختم ہوگا؟ سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک سے معاشی اورسیاسی دہشتگردی کا بھی خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے پچیس دسمبر کو کراچی میں جلسے کا اعلان بھی کیا۔