عوام کو مسائل سے نجات اور شہر قائد کو دنیا کا بے مثال شہر بنائیں گے: نشاط ضیاء قادری
Posted on February 20, 2014 By Majid Khan کراچی
کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے پہلے بھی عوام کو مسائل سے چھٹکارہ اور شہر کی ترقی کو یقینی بنایا تھا اب بھی قائد کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے عوام کو مسائل سے نجات اور شہر قائد کو دنیا کا بے مثال شہر بنائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول کے ہمراہ شاہ فیصل زون کے علاقے موریہ خان گوٹھ کے تفصیلی دورے پر علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر علاقہ خواتین کی وفد نے ملاقات کی اور حق پرست رکن صوبائی اسمبلی کو علاقائی ترقی اور مسائل حل کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اس موقع پر نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ علاقائی مسائل کے حل کو قائد تحریک محترم الطاف حسین کی ہدایت اور اُن کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے بلا تفریق رنگ و نسل عوامی خدمت کے تحت انجام دیا گیا اور انشا اللہ عوامی تعاون اور قائد تحریک محترم الطاف حسین پر عوامی اعتماد پر پورا اُترتے ہوئے ہمیشہ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہر ی اور دیہی تفریق کا خاتمہ حق پرست قیادت کا کارنامہ ہے عوام کو اُن کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی اور شہر کی ترقی کے سفر کو قائد تحریک کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے عوامی تعاون کے ذریعے جاری رکھیں گے دورے کے موقع پر موریہ گوٹھ کے مکینوں نے گوٹھ میں سیوریج سسٹم کی بہتری کے حوالے سے اقدامات کرنے پر سراہتے ہوئے گوٹھ میں صفائی وستھرائی کے نظام کی مزید بہتری اور روشنی کے انتظامات کی درستگی کے حوالے سے مسائل بیان کئے اس موقع پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے موریہ خان گوٹھ کے مکینوں کو یقین دلایا کہ اُن کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔
فراہمی و نکاسی آب اور روشنی کے انتظامات کی بہتری کے حوالے سے عوامی شکایات کا جلد ازالہ کیا جائے گا اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہاکہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کے چپے چپے کو ترقی دیکر عوام کو مسائل سے پاک ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ موریہ خان گوٹھ میں صفائی وستھرائی،فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور روشنی کے انتظامات کرنے کے احکامات دیتے ہوئے متعلقہ افسران سے کہاکہ علاقائی مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com