مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) عوام کو زندگی کی تمام سہولیات فراہم کرنا مسلم لیگ ن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ موجودہ حکومت نے ڈیڑھ سال سے زاہد کی مدت میں ملک بھر میں ترقیاتی اسکیموں کا جال بچھا دیا ہے۔
وزیراعظم محمد نواز شریف کے رواں دورہ چین سے ملک میں ترقی، خوشحالی، لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ وزیراعظم کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے مابین مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر دستخط سے دوطرفہ تجارت کے فروغ، انفراسٹرکچر کی ترقی، عوامی سطح پر رابطوں کے استحکام اور ملک میں لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کے خاتمے میں مدد ملے گی۔۔
یہ دورہ ملک میں 46 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور دھرنوں سے ملکی معیشت کو پہنچنے والے نقصان پر قابو پانے کے لئے بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار سنیئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ تحصیل قصور حاجی محمد سلیم شہزاد میئو نے اپنے ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چینی صدر ژی جن پیانگ کواسلام آباد میں دھرنوں کے باعث پاکستان کا دورہ ملتوی کرنا پڑا تھا جس سے ملک کو اربوں روپے کے نقصانات برداشت کرنا پڑا۔ گزشتہ تین ماہ میں ان دھرنوں کے باعث پاکستان کو کئی قسم کے اقتصادی نقصانات پہنچے ہیں۔